اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مستقبل کے روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چینی سفیر نے وزیراعظم کو چین کے صدر شی جن پنگ کا خط پیش کیا، جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی پیغام پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان قائم دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی "آل ویدر اسٹریٹیجک شراکت داری” کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے عوامی روابط بڑھانے، سیاسی جماعتوں اور پارلیمانوں کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پاک چین تعاون کو باہمی اعتماد اور دوستی کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔




