نئی دہلی: بھارت میں مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جہاں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
شدید بارشوں کے باعث ملک کے شمال مشرقی، شمالی اور جنوبی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ کئی دریا بپھر گئے، متعدد سڑکیں اور پل زیر آب آ گئے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریاست آسام مون سون کی تباہ کاریوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جہاں اب تک 89 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ضلع شیواساگر میں 47 اموات رپورٹ ہوئیں، جبکہ کئی دیہات اور قصبے اب بھی سیلابی پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہوئے۔ جنوبی ریاست کیرالا میں بھی بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد لاپتا ہیں۔سر
بہار اور جھارکھنڈ میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہوئے، جن میں کسان، مویشی چرانے والے افراد اور بچے بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ مزید بارشوں کے امکان کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




