اسلام آباد:مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے اثرات پاکستان کے توانائی شعبے پر بھی پڑنے لگے، ایل این جی بحران میں شدت کے بعد حکومت نے بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل پلان تیار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں دستیاب اضافی بجلی کو بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا، جسے رات کے وقت بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
حکومت نے ابتدائی طور پر ڈسکوز کے گرڈ سٹیشنز پر 10 میگاواٹ تک کی بیٹریاں نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بیٹری سٹوریج کے ذریعے سستی اضافی بجلی کو محفوظ کرکے ضرورت کے وقت نیشنل گرڈ میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم کی تنصیب کے لیے آئندہ دو ہفتوں میں باقاعدہ بڈنگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے سے اضافی بجلی کے بہتر استعمال، مہنگی توانائی پر انحصار میں کمی اور رات کے اوقات میں بجلی کی دستیابی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔




