اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں برآمدات کے فروغ اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ایس ایم ایز کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس کی سہولت کو وسعت دینے کے لیے 3 ارب روپے کا رسک پول قائم کیا گیا ہے۔ اس سے چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو برآمدی سرگرمیوں میں درپیش مالی خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو برآمدات پر مبنی بنانے کے لیے کاروباری شعبے کو سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ حکومت برآمد کنندگان کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور برآمدات میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
اجلاس میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تنظیم نو اور اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ فنڈ کے 24 ارب روپے کاروباری برادری کی سہولت کے لیے سرمایہ کاری کے مقصد سے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے فنڈ کے وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے تحقیق، ہنرمندی کے فروغ اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بہتر بنانا ہوگی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ برآمد کنندگان بالخصوص ایس ایم ایز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور برآمدی شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے۔




