انقرہ: ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کے شہداء اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں ترک وزیر دفاع یاشار گولر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانوں سے ہوا، جبکہ ملی نغموں کے ذریعے پاکستان کے شہداء اور افواج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پائندہ باد اور پاک ترک بھائی چارہ زندہ باد کے نعرے بلند کیے۔
ترک وزیر دفاع یاشار گولر نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کا محض دوست ملک نہیں بلکہ ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات مشترکہ تاریخ، برادرانہ رشتے اور باہمی اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

انقرہ میں منعقدہ تقریب نے پاک ترک دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی و برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا۔





