اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز ہسپتال کے کارڈیک سنٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے الیکٹرو فزیالوجی کیتھ لیب کا معائنہ اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر نے مریضوں کو درپیش مشکلات اور علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے کارڈیک سنٹر میں دستیاب جدید طبی سہولیات اور ان کے مؤثر استعمال سے متعلق بھی سوالات کیے۔
مصطفیٰ کمال نے ہسپتال کے بعض حصوں میں ناقص انتظامات کا نوٹس لیتے ہوئے مختلف وارڈز کی دیواروں پر نمی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کارڈیک سنٹر اور ریڈیالوجی شعبے میں ہونے والے مرمتی کام کا ریکارڈ طلب کرلیا اور متعلقہ حکام کو سہولیات کی بہتری اور انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔




