واشنگٹن: امریکی وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹک پارٹی نے میری لینڈ، پنسلوانیا، میساچوسٹس اور الینوائے میں گورنر کی نشستیں جیت لیں، جبکہ کانگریس اور سینیٹ کے انتخابات میں بھی مختلف امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چار ریاستوں میں گورنر کی نشستیں ڈیموکریٹس کے حصے میں آئی ہیں، جبکہ مختلف انتخابی حلقوں میں بھی پارٹی امیدواروں کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
فلوریڈا سے جم شوارٹزل اور لوئس فرینکل نے اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں کامیابی حاصل کی۔ جارجیا کے چھٹے کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ڈیموکریٹ امیدوار لوسی میک باتھ کامیاب قرار پائیں۔
ریاست کینٹکی سے ہال راجرز اور مورگن میک گاروی نے بھی کامیابی حاصل کی، جبکہ ورجینیا میں مارک وارنر سینیٹ کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔
دوسری جانب ڈیموکریٹ رہنما ڈیبی واسرمین شلٹز نے کانگریس کی رکنیت کے لیے 12ویں مرتبہ کامیابی حاصل کرکے اپنی نشست برقرار رکھی۔
امریکی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی اور انتخابی نتائج مرتب کرنے کا عمل جاری ہے۔ حتمی نتائج کے اعلان کے بعد امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کی نشستوں کی تعداد واضح ہوجائے گی




