ریاض: سعودی عرب میں پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے عسکری سربراہان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں سعودی عرب کی سلامتی اور مشترکہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
ترک وزارتِ دفاع کے مطابق چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اپنے سعودی اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق اجلاس میں مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی حمایت کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس کا فیصلہ نیویارک میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔
تینوں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور مکہ میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حالیہ حوثی حملوں کی مذمت کی۔ ملاقات میں علاقائی کشیدگی میں کمی، ریاستی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام سمیت سمندری نقل و حمل کی آزادی کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔




