نیویارک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بینن کی وزیر خارجہ کورین اموری برونیٹ سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور بینن کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور بینن کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے قیام کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ سیاسی مذاکرات اور مشاورت کا فریم ورک قائم ہوگا۔ اس فریم ورک کے ذریعے دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر رابطہ اور مشاورت کر سکیں گے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور بینن کے درمیان دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔




