مسقط: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یومِ رہائش کے موقع پر عمان کنونشن سینٹر میں پنجاب کی جانب سے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کرلیا۔
پنجاب کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کو کم لاگت رہائش کے شعبے میں عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ 19 سال بعد پنجاب کو ایک مرتبہ پھر یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد مریم نواز نے کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبہ دنیا کے بہترین کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں میں شمار ہوتا ہے اور یہ صرف پنجاب نہیں بلکہ پاکستان کی بھی پہچان بن چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت کا مقصد کم آمدن والے خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنا ہے اور عوام کو سستی رہائش کی فراہمی کے لیے ہاؤسنگ منصوبوں پر کام جاری رہے گا۔




