اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی، جس میں خیبرپختونخوا کی امن و امان اور سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف خیبرپختونخوا میں دہشتگردی اور بدامنی کی صورتحال سے صدر مملکت کو آگاہ کریں گے۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور موجودہ سیاسی حالات بھی زیر بحث ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سمیت مختلف آئینی آپشنز پر غور ہوگا، جبکہ صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی بات چیت ہوگی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں، تاہم کسی بھی آئینی اقدام کا حتمی فیصلہ آئینی تقاضوں اور متعلقہ مشاورت کے بعد ہوگا۔




