پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت اپیکس کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت صوبائی حکومت، سول و عسکری حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ عوام کو اپنی عملی کارکردگی دکھائے گی۔ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عوام اور سکیورٹی فورسز ایک صف میں کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادِ کار میں اضافہ کیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، جن کے نتائج واضح طور پر سامنے آئیں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ترقیاتی سرگرمیوں میں کمی برداشت کی جا سکتی ہے، تاہم سکیورٹی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ امن و امان کا قیام صوبے کی ترقی کے لیے بنیادی شرط ہے، کیونکہ پُرامن ماحول میں ہی خیبرپختونخوا کے وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔




