پاکستان
Trending

ٹیکس چوری کے خلاف کریک ڈاؤن، وزیراعظم کا پیداواری شعبوں میں نگرانی کا نظام جلد مکمل کرنے کا حکم

 

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پیداواری شعبوں میں ٹیکس چوری کی روک تھام اور سیلز ٹیکس کی مکمل وصولی یقینی بنانے کے لیے خودکار نگرانی کا نظام رواں سال کے اختتام تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیداواری شعبوں میں کیمروں کے ذریعے پیداوار کی نگرانی اور ٹیکس نظام کو مؤثر بنانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ خودکار نگرانی کے نظام کی تنصیب میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صارفین سے ٹیکس وصول کرکے قومی خزانے میں جمع نہ کرانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، جبکہ ٹیکس وصولی کی مکمل استعداد حاصل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ چینی، سیمنٹ، تمباکو، ٹائلز اور کھاد کے شعبوں میں خودکار نگرانی کا نظام مکمل طور پر نصب کیا جاچکا ہے۔ اسٹیل، پولٹری اور ٹائرز کے شعبوں میں آلات کی خریداری 15 اکتوبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق چائے، گھریلو الیکٹرانکس، چمڑے، کاغذ و بورڈ اور تیل و گھی کے شعبوں کے لیے نگرانی کے آلات کی خریداری 30 اکتوبر تک مکمل کرلی جائے گی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس نظام میں شفافیت لانے اور قومی محصولات میں اضافے کے لیے اصلاحات پر مقررہ وقت میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button