دوحہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں قطر کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
دوحہ میں گلوبل سکیورٹی فورم سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ گزشتہ چند ماہ عالمی امن کے لیے انتہائی اہم رہے، ایسے میں سفارتی رابطوں کا تسلسل برقرار رکھنا ناگزیر تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ امیر قطر اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن کے لیے 16، 16 گھنٹے کام کیا۔ پاکستان نے کشیدہ صورت حال کے باوجود سفارتی کوششیں جاری رکھیں اور امن کے حصول کے لیے تہران کے متعدد دورے کیے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اسلام آباد میں امن مذاکرات کی میزبانی کی۔ انہیں مذاکرات کی پیچیدگیوں کا بخوبی اندازہ ہے، تاہم مسائل کے حل کے لیے بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں کیے جا سکتے۔ پاکستان امن مذاکرات اور سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ قیامِ امن کے لیے تمام ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دہشت گردی ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے اور اس کے خاتمے کے لیے عالمی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔ پاکستانی سکیورٹی اہلکار دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ امن کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔ خطے میں استحکام اور پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششوں، مذاکرات اور مؤثر سفارت کاری کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔




