لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کنیئرڈ کالج کی تمام طالبات کو ایک ایک لیپ ٹاپ اور کالج کو 5 بسیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں تعلیم و روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
کنیئرڈ کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ دیگر خواتین بھی بااختیار ہوں اور زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھیں۔ انہوں نے کامیاب ہونے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر طالبہ کی کامیابی ایک داستان ہے اور یہ موقع ان کے والدین کے لیے بھی انتہائی خوشی کا باعث ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اب والدین کا اپنی بیٹیوں پر اعتماد پہلے سے بڑھ رہا ہے اور خواتین ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ طالبات کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں، ہر روز خود کو یاد دلائیں کہ وہ مشکل کام بھی کر سکتی ہیں اور کامیابی کے لیے محنت کا راستہ اختیار کریں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ زندگی میں مشکلات آتی رہتی ہیں، اس لیے ان سے گھبرانے کے بجائے ثابت قدمی سے آگے بڑھنا چاہیے۔ حکومت نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی اور خواتین کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے سلسلے میں بھی اقدامات جاری رکھے گی۔
اپنی ذاتی اور سرکاری مصروفیات کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک بطور وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی ہیں، جبکہ شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک گھریلو ذمہ داریاں نبھاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں محفوظ ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی تو خواتین بلاخوف گھر سے باہر نکل کر تعلیم حاصل کر سکیں گی اور عملی زندگی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گی۔ خواتین کے تحفظ کے لیے سکیورٹی سے متعلق امور پر تین سال کام کیا ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ کنیئرڈ کالج کی تمام طالبات کو ایک ایک لیپ ٹاپ دیا جائے گا اور کالج کو 5 بسیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی ترقی، نوجوانوں کی خودمختاری اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی




