دوشنبے: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ علاقائی تنازعات کا حل طاقت کے بجائے مکالمے اور سفارتکاری میں ہے، پاکستان خطے میں امن، تجارت اور رابطوں کے استحکام کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس سی او علاقائی تعاون، مشترکہ خوشحالی اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ تنظیم دنیا کی 40 فیصد سے زائد آبادی کی نمائندگی کرتی ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے یوریشیا میں رابطوں کے فروغ اور مشترکہ سلامتی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ رکن ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ تنظیم کے اقتصادی تعاون کی کامیابی کا واضح مظہر ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایس سی او کا خطہ عالمی اقتصادی ترقی کا اہم مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان اقتصادی تعاون کے فروغ، علاقائی روابط کے استحکام اور مشترکہ ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے، کیونکہ اختلافات کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ناگزیر ہیں۔




