پاکستان
Trending

برآمدات میں اضافے کیلئے مربوط لاجسٹکس نظام ضروری ہے، احسن اقبال

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں میں بار بار تبدیلیوں کے باعث معاشی منصوبہ بندی متاثر ہوئی، جبکہ برآمدات میں اضافے کے بغیر بیرونی مالیاتی سہاروں پر انحصار ختم نہیں کیا جا سکتا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ 10 سال میں برآمدات کا حجم 100 ارب ڈالر تک پہنچانا ہوگا، ملک میں یہ ہدف حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، تاہم اس کے لیے برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینا ہوگا۔

وفاقی وزیر کے مطابق برآمدات بڑھانے کے لیے سڑکوں، ریلوے، بندرگاہوں اور فضائی شعبے کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرنا ناگزیر ہے۔ مربوط ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس نظام نہ ہونے سے مصنوعات کی ترسیل میں تاخیر ہوتی ہے، جس سے برآمدی لاگت بڑھنے کے ساتھ عالمی منڈیوں میں مسابقت بھی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بڑھانے کے لیے بروقت اور قابلِ اعتماد ترسیل یقینی بنانا ہوگی۔ متعلقہ وزارتیں اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور باہمی تعاون کے ذریعے مؤثر لاجسٹکس نظام تشکیل دیں تاکہ برآمدات کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام کے اہداف کے حصول کے لیے قومی مشنز کو واضح کارکردگی اشاریوں سے منسلک کرنا ہوگا، تاکہ پیش رفت کی نگرانی اور مقررہ اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button