اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اضافی چینی کی برآمد کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے ملکی ضروریات پوری ہونے کے ساتھ مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کا استحکام بھی برقرار رہے۔
اسحاق ڈار کی زیر صدارت اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں چینی کے موجودہ ذخائر، مقامی ضروریات اور اضافی چینی کی برآمد کے انتظامی، تکنیکی اور طریقہ کار سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ چینی کی برآمد سے ملک میں قیمتوں کے استحکام پر اثر نہیں پڑنا چاہیے اور نہ ہی ریٹیل قیمتوں میں اضافے کا دباؤ پیدا ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے چینی کے اسٹریٹجک ذخائر برقرار رکھے جائیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اضافی اشیاء کی برآمد زرعی معیشت کے استحکام اور قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے لیے ضروری ہے، تاہم حکومت کی اولین ترجیح ملکی صارفین کے مفادات کا تحفظ ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء برائے قومی غذائی تحفظ اور اقتصادی امور سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے کمیٹی ارکان کی تجاویز اور کوششوں کو سراہتے ہوئے اضافی چینی کی برآمد کا عمل آسان بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔




