اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پارلیمانی معاملات، اپوزیشن لیڈر کی تقرری، پی ٹی آئی سے ممکنہ مذاکرات اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورۂ بنگلادیش سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ سفارتی اور پارلیمانی سطح پر نہایت کامیاب اور مثبت رہا۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر، مشیران اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں خوشگوار رہیں، جبکہ بنگلادیشی عوام نے پاکستانی وفد کا بھرپور اور پرتپاک استقبال کیا۔
ایاز صادق نے بریفنگ میں یہ بھی بتایا کہ دورہ بنگلادیش کے موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے مختصر اور غیر رسمی ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے خود آ کر تعارف کرایا اور مصافحہ کیا۔ اسپیکر کے مطابق ملاقات نہایت مختصر تھی اور اس دوران انتہائی محتاط سفارتی رویہ اختیار کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کامیاب دورے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلادیش کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر سے ان کے روابط ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں۔




