نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی مقبولیت میں بڑی تعداد میں جعلی فالوورز اور بوٹس شامل ہیں، جو ان کی آن لائن شہرت کو مصنوعی بنا رہے ہیں۔
گروک کی رپورٹ کے مطابق، مودی کے ایکس اکاؤنٹ کے 40 سے 60 فیصد فالوورز جعلی یا بوٹس ہو سکتے ہیں، جو 109 ملین کل فالوورز میں سے 44 سے 65 ملین کے درمیان ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایکس کے اندرونی ڈیٹا کے بغیر صحیح تعداد کا تعین مشکل ہے۔
گزشتہ سالوں کی تحقیق نے بھی مودی کے فالوورز کی اصلیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ 2012 کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مودی کے 46 فیصد فالوورز جعلی اور 41 فیصد غیر فعال ہیں، جبکہ 2017 کے ٹویٹر آڈٹ میں صرف 37.4 فیصد فالوورز حقیقی قرار دیے گئے۔
مزید یہ کہ جدید ٹیکنالوجی اور بوٹس کا استعمال کر کے ہیش ٹیگز اور ٹرینڈز کو انتخابی فائدے کے لیے منظم کرنے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ 2019 کی انتخابی مہم میں #TNwelcomesModi ہیش ٹیگ پر بوٹس کے ذریعے جعلی ٹریفک پیدا کی گئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بوٹس، جعلی فالوورز اور اے آئی کا استعمال مودی کی آن لائن سیاست کا اہم ہتھیار بن چکا ہے، جس سے ان کی مقبولیت کی حقیقی نوعیت مشکوک ہو گئی ہے۔




