اسلام آباد: عالمی یومِ امن کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اپنے اپنے پیغامات میں پاکستان کے امن، انصاف اور پائیدار استحکام کے اصولوں پر مضبوط عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان دنیا میں منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور عالمی برادری کو پاکستان کے اس کردار کی تعریف کرنی چاہیے۔ انہوں نے عالمی اور علاقائی امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں بھارتی زیرِقبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پائیدار امن صرف اس وقت ممکن ہے جب ان خطوں کے عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر امن، انصاف اور انسانیت کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کرے تاکہ دنیا میں امن کا قیام ممکن ہو سکے۔




