کراچی: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حلف برداری سے انکار سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ وہ نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف نہیں لیں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ وہ آئین و قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور آج خیبرپختونخوا روانہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا جواب پشاور ہائی کورٹ میں جمع کروا دیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ سے سرکاری طیارے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
صحافی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ "کان میں ہونے والی باتیں میڈیا کو نہیں بتا سکتا۔”
گورنر نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کریں گے۔
یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کو ہدایت دی تھی کہ وہ نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ کے روز شام 4 بجے حلف لیں، بصورت دیگر اسی دن اسپیکر کو حلف لینے کی اجازت دی جائے گی۔




