راولپنڈی: سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میرپور کے بعد مظفرآباد اور پنجاب میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میرپور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شیر کے نشان پر مہر لگائی، جبکہ مظفرآباد میں بھی پارٹی کارکنوں کا جوش و جذبہ اور انتخابی سرگرمیاں کامیابی کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات رونے، دھمکیوں یا الزام تراشی سے نہیں بلکہ کارکردگی، عوامی حمایت اور ووٹرز کے اعتماد سے جیتے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جماعت شکست کے بعد دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہے، تاہم عوامی فیصلہ ہی حتمی ہوتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگلا مرحلہ پونچھ کا ہے جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی شکایات کا جائزہ قانون کے مطابق لیا جاتا ہے اور چند واقعات کی بنیاد پر پورے انتخابی عمل کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ الزام تراشی کے بجائے جمہوری روایات کو فروغ دیں اور عوامی فیصلے کا احترام کریں۔




