پاکستان نے وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب عثمان جدون نے کہا کہ طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کسی بھی ملک کی سرحدی سالمیت اور سیاسی خودمختاری کے خلاف ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے فوجی اقدامات کے اثرات طویل عرصے تک غیر متوقع اور بے قابو رہ سکتے ہیں، جو نہ صرف متعلقہ ملک بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ پاکستانی مندوب نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کا حل طاقت کے بجائے بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وینزویلا کی صورتحال میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ اور فوری سفارتی کوششیں کی جائیں تاکہ امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔




