پاکستان
Trending

سافٹ ٹارگٹس، انسانی ڈھال اور جعلی ویڈیوز: طلال چودھری نے بھارتی و بی ایل اے گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت طلال چودھری نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر حقائق منظرِ عام پر لاتے ہوئے کہا ہے کہ شکست خوردہ دہشت گرد اب معصوم شہریوں اور عالمی پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے بھارتی میڈیا کے گھناؤنے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سرحد پار بیٹھے دشمن نے بلوچستان کے واقعات کو "لائیو میچ” کی طرح پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی چینلز پر AI (مصنوعی ذہانت) سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز چلا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ جیسے دہشت گردوں نے شہروں پر قبضہ کر لیا ہو، جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا۔
طلال چودھری نے بتایا کہ دہشت گردوں نے اپنی ہمت نہ ہونے کے باعث سکیورٹی فورسز سے براہِ راست لڑنے کے بجائے اسکولوں، اسپتالوں اور بازاروں جیسے سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنایا۔دورانِ آپریشن دہشت گردوں نے خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا تاکہ فورسز کارروائی نہ کر سکیں۔سکیورٹی فورسز نے کمالِ صبر اور احتیاط کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف معصوم جانوں کو بچایا بلکہ دہشت گردوں کا پیچھا کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا۔
خیبر پختونخوا حکومت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ تیراہ میں سیاسی مقاصد کے لیے فوج کے خلاف مہم چلائی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ صوبائی حکومت نے متاثرین کے لیے مختص 4 ارب روپے کی خطیر رقم ہضم کر لی۔ جرگہ عمائدین نے وفاق کو بتایا ہے کہ کے پی حکومت نے ان سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔
وزیر مملکت نے واضح کیا کہ بی ایل اے (BLA) حقوق کے نام پر خون کی ہولی کھیل رہی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ وفاق اور پاک فوج تمام صوبوں کے ساتھ مل کر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button