اسلام آباد / کوالالمپور (بیورو رپورٹ: جاوید بلوچ) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف ملائیشیا کے اہم سرکاری دورے پر ہیں، جہاں ان کی مصروفیات نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو نئی جِلا بخشی ہے۔
ملائیشین بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ملائیشین نیوی کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ملائیشین بحریہ کے سربراہ سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور بحری تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملائیشین عسکری قیادت نے دہشت گردی اور سمندری قزاقی کے خلاف پاک بحریہ کے کلیدی کردار کی تعریف کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ خطے کا بحری استحکام پاک بحریہ کی انتھک کاوشوں کا مرہونِ منت ہے۔




