نوشہرہ/سوات : پاکستان کی دفاعی تاریخ کے درخشاں باب "معرکہ حق” کو ایک سال مکمل ہو گیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا کے شہریوں نے اپنی عسکری قیادت اور سرحدوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 مئی کا دن بھارت کے لیے عبرت اور پاکستان کے لیے فتحِ عظیم کا نشان بن چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایک سال قبل بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملے کی کوشش کی، لیکن سرحدوں پر الرٹ پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر اسے دم دبا کر بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ مقامی عمائدین کے مطابق بھارت کو ملنے والا جواب اتنا سخت تھا کہ وہ اب دوبارہ ایسی ہمت کرنے سے پہلے دس بار سوچے گا۔
پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت نے ثابت کر دیا کہ دشمن کا کوئی بھی ہتھیار پاکستانی عزم کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔خیبرپختونخوا کے نوجوانوں اور بزرگوں نے یکساں جذبے کے ساتھ پیغام دیا کہ معرکہ حق کے دوران پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور آج بھی یہ اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ شہریوں نے واضح کیا کہ ملک کی سالمیت کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے عوام اور فوج ایک پیج پر ہیں۔
مختلف عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے دشمن کو ناکوں چنے چبوا کر عالمی سطح پر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ "معرکہ حق” کی سالگرہ دراصل اس عہد کی تجدید ہے کہ جب بھی وطنِ عزیز کو پکارا جائے گا، خیبرپختونخوا کا ہر بچہ اپنی فوج کے ساتھ مل کر سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگا۔




