راولپنڈی: پاکستان نے دفاعی میدان میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 3 مئی 2025 کو ‘ابدالی میزائل سسٹم’ کا کامیاب تجربہ مکمل کر لیا ہے۔ یہ تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بھارت کی جانب سے مسلسل گیدڑ بھبکیاں دی جا رہی تھیں۔ اس تجربے کے ذریعے پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔
پاکستان نے اس تجربے کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ وہ میزائل ٹیکنالوجی میں خود کفیل اور دشمن سے کہیں آگے ہے۔ ابدالی میزائل سسٹم نے اپنی رینج اور ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا عملی ثبوت دیا۔ اس کامیاب تجربے نے دشمن کی صفوں میں کھلبلی مچا دی ہے اور ان کے جنگی جنون پر کاری ضرب لگائی ہے۔
عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ محض ایک مشق نہیں بلکہ دشمن کے لیے ایک سخت انتباہ ہے۔ پاکستان نے اپنی دفاعی برتری کو ثابت کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی امن پسندی کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان کا ردعمل دشمن کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بنے گا۔
پاکستانی عسکری قیادت نے اس موقع پر کہا کہ ابدالی میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ ہماری پیشہ ورانہ مہارتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سائنسدانوں اور انجینئرز کی اس کاوش نے وطنِ عزیز کے دفاع کو مزید ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔




