اسلام آباد: حکومت نے کفایت شعاری کے تحت نافذ کیے گئے متعدد اقدامات ختم کرتے ہوئے سرکاری سطح پر عائد مختلف پابندیاں واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 9 مارچ سے نافذ اضافی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ فیصلے کے بعد جمعہ کی چھٹی بحال کر دی گئی ہے جبکہ سرکاری دفاتر کے لیے پٹرول کی مکمل سہولت دوبارہ فراہم کر دی گئی ہے۔ اسی طرح 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو بند کرنے کا سابقہ اقدام بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
نئے فیصلے کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے تک کاروبار جاری رکھ سکیں گے، جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز کو بندش کے اوقات سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
میڈیکل سٹورز، ہسپتال، لیبارٹریز اور کلینکس کو مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اسی طرح پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور ای وی چارجنگ اسٹیشنز معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔
مزید برآں کھیلوں کی سرگرمیوں، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے، جبکہ حکومتی سطح پر اس فیصلے کو پالیسی میں اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔




