اسلام آباد: آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حالیہ صورتحال اور کالعدم ایکشن کمیٹی کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ حالیہ انتشار کے نتیجے میں تین سے چار ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، تاہم بروقت اقدامات کے باعث حالات کو تصادم کی طرف جانے سے روک لیا گیا۔ ان کے مطابق حکومت پاکستان نے پورے معاملے میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے رہنما شاہ غلام قادر نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی نے کشمیری عوام کو اشتعال دلانے اور بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی، جو قابلِ مذمت ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ عوام کو اپنے مسائل کے اظہار کا حق حاصل ہے، تاہم تشدد اور انتشار کا راستہ اختیار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام مسائل کا حل صرف پرامن اور آئینی طریقۂ کار کے ذریعے ہی ممکن ہے۔




