اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ بیانات مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، تاہم ان کا کوئی قانونی یا بین الاقوامی وزن نہیں۔
میڈیا بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جہاں بھارت کی جانب سے شہریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صومالی قزاقوں نے ایک کارگو شپ پر پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، جس پر پاکستان نے اسلام آباد میں صومالی سفیر کو طلب کر کے شہریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق صومالیہ کے وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی جلد بازیابی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان مسائل کے پرامن حل کا خواہاں ہے اور خطے میں کشیدگی کے بجائے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے




