اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے آپریشن "غضب للحق” کے تحت افغان سرحدی علاقوں پکتیا، کنڑ اور پکتیکا میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی اور کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں تین ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 25 خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق کارروائیوں میں دہشت گردوں کے زیر استعمال انفراسٹرکچر اور دیگر تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ یہ کارروائیاں کراچی، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ضروری اقدام جاری رکھے گا اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔




