پاکستان

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کرغیزستان کا دورہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی

 

چولپان اتا / کرغیزستان: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کرغیز جمہوریہ کے سرکاری دورے پر اسیک کول بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچ گئے، جہاں کرغیز صدر سادیر ژاپاروف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان خیرسگالی ملاقات بھی ہوئی۔

یہ دورہ 1995 میں سابق وزیرِاعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے تاریخی دورۂ کرغیزستان کے بعد کسی پاکستانی صدر کا پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی و سیاسی تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور کرغیز صدر سادیر ژاپاروف کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، زراعت، تعلیم، صحت، سیاحت، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی روابط کے فروغ جیسے اہم شعبے زیرِ غور آئیں گے۔

دونوں رہنما باہمی تعاون کو فروغ دینے، اقتصادی روابط کو وسعت دینے اور خطے میں رابطوں کے استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button