اسلام آباد: کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری مشرق وسطیٰ زاہد حسین نے کویتی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔
کویتی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران پاکستان اور کویت کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں، باہمی تعاون کے فروغ اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف امور پر بات چیت متوقع ہے۔




