اسلام آباد: کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کویتی وزیر خارجہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ تعمیری اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جبکہ دونوں ممالک علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔
شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
کویتی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر گفتگو کی گئی۔




