پاکستان
Trending

نئے صوبے انتظامی ضرورت ہیں، پاکستان کو آگے بڑھانے کا وقت آ گیا: خالد مقبول صدیقی

 

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کسی ایک کا نہیں بلکہ ہم سب کا ملک ہے، ملک کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چاروں صوبے پاکستان کا حصہ ہیں اور ملک کے تمام شہری اس کے برابر کے حق دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی ضرورت کے مطابق ملک میں نئے صوبوں کا قیام وقت کا تقاضا ہے، کیونکہ بڑے انتظامی یونٹس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے مزید مؤثر نظام کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تقسیم کا معاملہ آئین پاکستان کے دائرے میں آتا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق ایم کیو ایم کا بل سٹینڈنگ کمیٹی میں موجود ہے اور اس معاملے پر آواز پہلے بھی اٹھائی جاتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے قیام کے مطالبے کو غداری قرار دینا درست نہیں۔

ایم کیو ایم کنوینر نے کہا کہ ایسی جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں جس کے ثمرات عام آدمی تک نہ پہنچیں۔ انہوں نے ملک میں کرپشن کو معیشت کے لیے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کے ذریعے ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے اور ملکی وقار، سلامتی اور ترقی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button