لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق پیپلز پارٹی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن عوام کے ووٹ سے جیتے جاتے ہیں، رونے دھونے اور الزامات سے نہیں۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میرپور میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد سے پیپلز پارٹی کے اعتراضات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے لیے عوام سے رابطہ، ووٹرز کا اعتماد اور کارکردگی ضروری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات، شور شرابے یا سیاسی بیانات سے ووٹرز کا فیصلہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ ووٹر کسی جماعت کی کارکردگی دیکھ کر گھر سے نکلتا ہے اور اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دیتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ میرپور کے بعد مظفرآباد ڈویژن میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا ہی جمہوری رویہ ہے اور انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔




