ملتان: کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ملتان کے قریب حادثہ پیش آیا ہے، جہاں شیر شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔ حادثے میں 4 مسافروں کے جاں بحق اور 30 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حادثے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر متاثرہ مسافروں کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مصروف ہیں۔
ٹرین حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی، جس سے دیگر ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے افسوسناک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔




