لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں قبضہ مافیا کے لیے کوئی گنجائش نہیں، لوگوں کے گھروں اور فیکٹریوں پر قبضے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ڈالہ کلچر کے خاتمے کے بعد اب قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ ضروری ہے، لیکن ماحولیات کے نام پر صنعتوں اور کارخانوں کی بندش کسی صورت مناسب حل نہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے ترقی اور تبدیلی کے مراحل سے گزر رہی ہے۔ کوئی بھی ملک خود کو جدید عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔ صنعت سمیت ہر شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور نئے طریقہ کار اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ حکومت صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ دونوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئے بغیر ماحول کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔




