اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ نے ابھی اپنا مؤقف مکمل طور پر بیان نہیں کیا، ان کے پاس کہنے کے لیے بہت کچھ ہے، مناسب وقت آنے پر تمام باتیں سامنے لائیں گے۔
طلال چوہدری نے مولانا فضل الرحمٰن کے شہداء اور ریاست سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو اپنے بیانات کی وضاحت خود کرنی چاہیے۔ شہداء کی قربانیوں کو متنازع بنا کر سیاست کرنا سیاسی معیار گرانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی عہدے اور مراعات حاصل کرنے کے بعد شہداء کی قربانیوں پر سوالات اٹھانا اور انہیں متنازع بنانا قابل قبول نہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہیں، تاہم کسی بھی شہری کے آئینی، قانونی اور انسانی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
طلال چوہدری کے مطابق سیاسی اختلافات کو قومی قربانیوں اور شہداء کے احترام سے الگ رکھنا چاہیے۔




