اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور سنگاپور نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے اور مسلسل سیاسی مشاورت پر اتفاق کیا ہے۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کے بعد اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ہنرمندی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ کاروباری برادری اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی پر گفتگو ہوئی ہے، جبکہ سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کا ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ دفتر دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو دورۂ سنگاپور کی دعوت دی ہے، جسے وزیراعظم نے قبول کرلیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دو دہائیوں میں سنگاپور کے کسی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورۂ پاکستان ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور آسیان کے بڑھتے روابط اور 2027 میں سنگاپور کی متوقع آسیان صدارت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی اور عالمی تنازعات کے حل اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ناگزیر ہیں۔ دونوں ممالک نے باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔




