پاکستان
Trending

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی، پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان

 

اسلام آباد:وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے، جبکہ مقامی آئل ریفائنریز کے تعاون سے پٹرول کی قیمت میں ممکنہ 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور درآمدی پریمیم میں اضافے کے باعث پاکستان میں پٹرول مہنگا ہونے کا خدشہ تھا، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر مقامی آئل ریفائنریز سے مذاکرات کیے گئے اور ان کے تعاون سے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ ریفائنریز کے تعاون سے صارفین کو مجموعی طور پر تقریباً 15 ارب روپے کا فائدہ پہنچے گا۔ ملک میں پٹرول کی مجموعی طلب کا تقریباً 30 فیصد مقامی ریفائنریز پوری کرتی ہیں جبکہ باقی 70 فیصد ضروریات درآمدات کے ذریعے پوری کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر سے قبل پٹرول کے درآمدی پریمیم کی شرح تقریباً 20 ڈالر تھی، جو بعد ازاں بڑھ کر 25 سے 30 ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ بعض پیشکشوں میں اس سے بھی زیادہ پریمیم طلب کیا گیا۔ حکومت نے ریفائنریز کے لیے درآمدی پریمیم کی زیادہ سے زیادہ حد 20 ڈالر فی بیرل مقرر کی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں اور اس کا فائدہ پاکستانی صارفین تک بھی پہنچایا جائے گا۔ اگر درآمدی پریمیم دوبارہ 15 سے 20 ڈالر کی معمول کی سطح پر آجاتا ہے تو پیٹرولیم شعبے کو مرحلہ وار ڈی ریگولیٹ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد پیٹرولیم مارکیٹ میں مسابقتی فضا پیدا کرنا، مقامی صنعت کو مضبوط بنانا اور صارفین کو کم قیمت پر ایندھن فراہم کرنا ہے۔ مقامی ریفائنریز کو خام تیل کی بہتر فراہمی سے ان کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے ساتھ منافع میں بھی بہتری آئی ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت اور مقامی ریفائنریز کا باہمی تعاون قابل قدر ہے۔ حکومت ریفائنریز کے تحفظات دور کرنے اور پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

ایل پی جی کی قیمتوں کے حوالے سے وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو سے تین روز میں عوام کو اس سلسلے میں بھی اچھی خبر مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرولیم شعبے میں اصلاحات کے ذریعے مارکیٹ میں مقابلے کی فضا قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ صارفین کو معیاری سہولیات کے ساتھ سستا ایندھن دستیاب ہو اور عوام پر مہنگائی کا اضافی بوجھ نہ پڑے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button