کراچی: پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے سالانہ انتخابات میں شکیل مسعود چیئرمین اور میاں عامر محمود جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے، جبکہ نیو نیوز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمٰن نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے ڈائریکٹر کی نشست حاصل کرلی۔
کراچی میں پی بی اے کے مرکزی دفتر میں منعقدہ سالانہ اجلاس کے دوران ٹی وی چینلز کے مالکان کی تنظیم کے انتخابات ہوئے، جن میں مختلف میڈیا گروپس کے نمائندوں نے اہم عہدوں پر کامیابی حاصل کی۔
انتخابی نتائج کے مطابق جیو نیوز کے میر ابراہیم سینئر وائس چیئرمین، اے آر وائی کے سلمان اقبال وائس چیئرمین، ہم ٹی وی کے درید قریشی جوائنٹ سیکرٹری اور آج نیوز کے احمد زبیری فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔
ڈائریکٹرز کے انتخاب میں نیو نیوز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمٰن نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، جبکہ سٹی گروپ کی وردہ نقوی اور مہران ٹی وی کے غلام نبی مورائی بھی ڈائریکٹر منتخب ہوگئے۔
پی بی اے کے سالانہ انتخابات کے نتیجے میں نئی انتظامی قیادت کا انتخاب مکمل ہوگیا، جو ایسوسی ایشن کے آئندہ امور اور نشریاتی صنعت سے متعلق معاملات کی نگرانی کرے گی۔




