پاکستان
Trending

ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کی عمارت ہوٹل میں تبدیل ہوگی، سرکاری اراضی پر قبضے ختم کرانے کا فیصلہ، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو فائیو سٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت کا قانونی قبضہ حکومت نے حاصل کر لیا ہے، منصوبے کو آئندہ چند ماہ میں ہوٹل کی شکل دینے کی کوشش کی جائے گی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سرکاری زمینوں پر بے دریغ قبضے کیے گئے اور متعلقہ منصوبے میں ملی بھگت کے بغیر بے ضابطگیاں ممکن نہیں تھیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں ہوٹلوں کی شدید کمی ہے، ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کی عمارت کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے سے اس ضرورت کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ عمارت کی مالیت کا تعین ایک ملٹی نیشنل کمپنی سے کرایا جائے گا، جبکہ جن افراد نے جتنی ادائیگی کی ہے انہیں وہ رقم واپس کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق سی ڈی اے کا متعلقہ ممبر آج سے عمارت کے معاملات کی نگرانی کرے گا۔ سیکٹر ای 12، سی 14 اور سی 15 کی زمینیں بھی جلد واگزار کرائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ آپریشن کے دوران مختلف حلقوں کی جانب سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم کارروائیاں جاری رہیں گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے معاملے پر وزیراعظم کا مکمل تعاون حاصل رہا ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں تمام تفصیلات درج ہیں، عوام سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button