پاکستان

26 اراکین کی معطلی: اسپیکر پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات بے نتیجہ ختم

لاہور: پنجاب اسمبلی کے معطل 26 اپوزیشن اراکین کے معاملے پر سپیکر پنجاب اسمبلی اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔ فریقین نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وفد سے بات چیت ہوئی، تاہم آج کی ملاقات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پارٹی کے اصولی مؤقف کا ہے، معافی کی بات نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دو سے تین روز میں دوبارہ ملاقات ہوگی، دعا ہے کہ بات چیت کسی بہتر نتیجے پر پہنچے۔

ملک احمد خان نے واضح کیا کہ اسمبلی میں ہنگامہ آرائی دونوں جانب سے ہوئی تھی اور سپیکر تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی بات چیت ابتدائی مرحلے میں ہے، ڈیڈلاک نہیں ہوا اور امید ہے معاملہ آگے بڑھے گا۔

دوسری جانب پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن سے مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں، کئی نکات پر اتفاق ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام چاہتے ہیں کہ اسمبلی عزت اور وقار کے ساتھ چلے، اور ہم ایوان میں شور شرابے، ہنگامہ آرائی اور بدنظمی کے کلچر کا خاتمہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں بد نظمی کے باعث 26 اپوزیشن اراکین کو معطل کیا گیا تھا، جن کی بحالی کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button