کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بنگلہ دیش کے دورے کے سلسلے میں قومی اسکواڈ کے دوسرے گروپ نے کراچی سے ڈھاکہ کے لیے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹیم دبئی کے راستے بنگلہ دیش پہنچے گی۔
دوسرے گروپ میں شامل کھلاڑیوں میں محمد حارث، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سفیان مقیم، حسین طلعت، احمد دانیال اور سلمان مرزا شامل ہیں، جب کہ سپورٹ اسٹاف کے ارکان بھی اس قافلے کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 20 جولائی 2025 سے ہوگا۔ تمام مقابلے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، ڈھاکہ میں شیڈول ہیں، جہاں شائقین کرکٹ دونوں ٹیموں کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔




