وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرین (ایس آر ٹی) کا تجرباتی سفر کیا، جس کے دوران انہوں نے علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک روڈ ٹیسٹ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایس آر ٹی کے مختلف پہلوؤں پر گہری نظر ڈالی اور اس کی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس آر ٹی ترکی، چین اور ابوظہبی میں کامیابی سے چل رہی ہے اور اب یہ لاہور کے عوام کے لیے ایک نیا اور سہولت فراہم کرنے والا منصوبہ بنے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، "ایس آر ٹی لاہور کی خوبصورتی کو نیا رنگ دے گا اور اس کے ذریعے لاہور میں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل ہوں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی ایس آر ٹی کے منصوبے کی خوشخبری جلد سنی جائے گی۔”
رائیونڈ اور کینال روڈ پر ایس آر ٹی کو دیکھ کر عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور اس منصوبے کے کامیاب ہونے کی دعائیں دیں۔




