پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کی پنجاب میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں بارشوں کے باعث ممکنہ اربن فلڈنگ کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اور موثر انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے دریائے چناب میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح اور ہیڈ مرالہ و خانکی کے علاقوں میں شدید سیلاب کے خدشات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا کے لیے 2000 سے زائد ٹرک تیار ہیں اور این ڈی ایم اے نے پنجاب میں پانچ ہزار خیمے بھی فراہم کیے ہیں۔

شہباز شریف نے گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامی اداروں کو ہدایات دیں کہ وہ فوری طور پر مکمل انتظامات کریں تاکہ کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔ انہوں نے بجلی، رابطہ کے ذرائع اور سڑکوں کی بحالی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی تاکید کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے اور وفاقی حکومت پنجاب کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی، جیسا کہ خیبرپختونخوا میں کیا گیا۔ انہوں نے سندھ میں سیلابی ریلوں کی پیشگی اطلاع کا نظام بھی مضبوط کرنے کی ہدایت دی تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button