لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ملتان روڈ کے قریب راوی کنارے ایک فارم ہاؤس میں سیلابی پانی میں پھنسے 6 شیروں کو نہایت مشکل اور خطرناک ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ نکال لیا گیا ہے۔ اس اہم اور بروقت آپریشن کی نگرانی سیکرٹری وائلڈ لائف مدثر ریاض نے کی۔
طوفانی بارش، تیز پانی کے بہاؤ اور خراب موسم کے باوجود وائلڈ لائف رینجرز اور ریسکیو فورس کے اہلکاروں نے بہادری اور جانفشانی سے اپنی ذمہ داریوں کو سرانجام دیا۔ ریسکیو آپریشن میں چار کشتیاں استعمال کی گئیں جبکہ ویٹرنری ماہرین کی ٹیم بھی موقع پر موجود رہی۔
وائلڈ لائف رینجرز نے نہ صرف شیروں کو محفوظ طریقے سے نکالا بلکہ اس دوران انسانی جانوں کو لاحق خطرات کو بھی بروقت روکا۔ ریسکیو کیے گئے تمام شیروں کو فوری طور پر ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ طبی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
سینئر وزیر اطلاعات و ثقافت مریم اورنگزیب نے اس کامیاب آپریشن پر وائلڈ لائف رینجرز اور ریسکیو ٹیم کی بھرپور تعریف کی اور کہا، "یہ ایک قابلِ فخر آپریشن ہے، جس میں ہمارے بہادر اہلکاروں نے طوفانی بارش میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر قیمتی جنگلی حیات کو بچایا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسی بھی جاندار کو مشکل میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔




