اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کے جنگی عزائم پر شدید تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہر دہشت گرد حملے کو بنیاد بنا کر جنگ کا ماحول بناتا ہے، جو خطے کے لیے تباہ کن ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ارب 70 کروڑ لوگوں کے مستقبل کو چند غیر سنجیدہ افراد کے رحم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ بلاول کے مطابق ایٹمی قوتوں کے درمیان ممکنہ جنگ کا خطرہ دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے فیٹف کے دائرے میں رہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے۔ تاہم بھارت نہ تحقیقات میں تعاون کرتا ہے، نہ ہی شفافیت دکھاتا ہے۔
بلاول نے واضح کیا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق متنازعہ علاقہ ہے، اور کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔




